ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / منگلورو: 16 لاکھ روپے لوٹنے کا معاملہ نکلا حوالہ ایجنٹوں کی سازش 

منگلورو: 16 لاکھ روپے لوٹنے کا معاملہ نکلا حوالہ ایجنٹوں کی سازش 

Sat, 27 Mar 2021 12:36:46    S.O. News Service

منگلورو ،27؍ مارچ (ایس او نیوز) امسال 22 فروری کو شہر کے اولڈ کینٹ روڈ پر عبدالسلام نامی ایک اسکوٹر سوار سے 16.20 لاکھ روپے لوٹے جانے کا معاملہ 4 مارچ کو پولیس کے پاس درج کروائی گئی تھی۔ لیکن پولیس کی تحقیقات کے دوران ایک منظم حوالہ رقم سپلائی کا جال سامنے آیا ہے اور سڑک پر رقم لوٹنے کا معالہ حوالہ کی رقم ہڑپ کرنے کی نیت سے خود حوالہ ایجنٹوں کی طرف سے گھڑی گئی کہانی ثابت ہوا۔

اس پورے پر معاملے پر پولیس کمشنراین ششی کمار نے پریس کانفرنس میں روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ  رقم لوٹنے کے معاملے میں جن لوگوں کو گرفتار کیا ہے جو بعد میں حوالہ ایجنٹ نکلے ہیں ان کے نام محمد رفعت علی راشد(الال)، اشفاق (فیصل نگر)جعفر صادق ( بی سی روڈ)محمد اسماعیل اور میّاڈی (پڈوبیدری)  ہیں۔ اور ان کے قبضے سے 95 ہزار روپے، بائک اور کار ضبط کیے گئے ہیں ۔ گرفتار شدہ ملزمین میں سے رفعت اور صادق کرایے کے لٹیرے ہیں۔

    پولیس کمشنر نے مزید کہا کہ شکایت کنندہ عبدالسلام نے بتایا تھا کہ وہ اپنی بھانجی کی شادی کے لئے زیوراتاور کپڑوں کی خریدی کے لئے  بائک پر یہ رقم لے جارہا تھا تو تین افراد نے راستہ روک کر اس سے رقم لوٹ لی۔ مگر تحقیقات کے دوران پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج دیکھا تو اس میں چار پانچ افراد نظر آئے۔ پھر یہ بھی پتہ لگا کہ عبدالسلام کے یہاں کسی کی بھی شادی طے نہیں ہوئی تھی۔ پھر اس ضمن میں گہری تفتیش کی گئی تو یہ بات سامنے آئی کہ عبدالسلام اور اس کے ساتھی شہر اور اطراف میں حوالہ کی رقم پہنچانے کا کام کرتے تھے۔ جس کے لئے انہیں ماہانہ 8 ہزار روپے تنخواہ کےعلاوہ رقم کی مناسبت سے کمیشن بھی ملتا تھا جس سے وہ ماہانہ پندرہ بیس ہزار روپے کما لیتے تھے۔ 

 اس گروہ کے ایک ساتھی اسماعیل جو حوالہ سرغنہ ہے اس نے ایک ساتھ ہی بڑی رقم ہڑپ کرنے کی نیت سے لوٹ کا ناٹک کرنے کی سازش رچی۔ اور سب نے مل کر اس پرعمل کیا۔ لیکن جن لوگوں نے انہیں یہ رقم دی تھی اور جنہیں یہ رقم پہنچائی جانی تھی ، انہوں نے ان لوگوں پر دباو ڈالنا شروع کیا تو بالآخر ایک ہفتہ بعد انہوں نے پولیس کے پاس جھوٹی کہانی کے ساتھ شکایت درج کروائی ۔ 

    پولیس کا کہنا ہے کہ شکایت کنندہ عبدالسلام اپنی بیوی اور گھر کے دوسرے افراد کے بینک کھاتوں سے رقم ٹرانسفر کیا کرتا تھا۔ وہ کیش ڈپازٹ مشین سے بھی رقم ٹرانسفر کیا کرتا تھا۔ اس طرح حوالہ کے کروڑوں روپوں کا لین دین ہوا ہے۔ اس حوالہ کاروبار میں شامل مزید لوگوں کی گرفتاری کے لئے کوشش کی جارہی ہے جبکہ حوالہ جال سے تعلق رکھنے والے ایک دو افراد  فرار ہوکر دبئی چلے جانے کی بات معلوم ہوئی ہے۔


Share: